لاہور(آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض مقامات کی ناقص صفائی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اتوار کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا، وزیر اعلی نے صوبے میں
بعض مقامات کی ناقص صفائی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے، کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ بلدیاتی عملے اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈ بحال کیے جا چکے ہیں، گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں مکمل کر رہی ہے۔ بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئرز کی میرٹ پر پروموشن تیز کی جائے، بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی اسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ آن لائن ایپ کے صارفین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے، ایپ سے پیدائش اور شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام گھر بیٹھے بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ناخواندہ افراد کو بلدیاتی دفاتر میں بھی اندراج کی سہولت فراہم کی جائے۔اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے شرکا کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں