قوم نے بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ اب کرپشن اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے، وزیراعظم عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصا ف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن بتائے پاکستان کس کے دورمیں فیٹف کی گرے لسٹ میں گیا؟ہم نے بطور ریاست اسے وائٹ لسٹ میں لاناہے، اِن ہاؤس تبدیلی کا صفر فیصد بھی کوئی امکان موجود نہیں،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میثاق جمہوریت کوصرف اپنے

مفادات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس میثاق کو مکمل جمہوریت تک توسیع دیں اور پانچ سال صبر کریں۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں مجوزہ اے پی سی میں شامل ہونے والی جماعتوں کے نظریات مختلف ہیں لیکن قوم جانتی ہے کہ ان کا کرپشن اورلوٹ مار کرنے کاہدف ایک ہی ہے اور حالیہ سر گرمیاں بھی اسی کی کڑی ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ملک و قوم کی بھلائی کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ صرف این آراو کے حصول کیلئے ہر طرح سے مزاحمت کی گئی،انہیں آج ریلیف مل جائے تویہ فیٹف کی قانون سازی تو کیا ہر معاملے میں حکومت سے تعاون کرنے اور حکومت کو کامیابی کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے پر آمادہ ہو جائیں گے لیکن وزیر اعظم عمران خان اپنے مفادات کیلئے ملک کے مفادات کو داؤ پر نہیں لگائیں گے۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی نہ کسی طرح چھ دہائیوں سے اقتدارمیں ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) بھی چار دہائیوں سے حکومتوں میں ہے،دونوں جماعتیں بتائیں انہوں نے ملک کیلئے کیا ہے؟شرمناک بات ہے کہ پہلی بارحکومت میں آ کر دو سال کا عرصہ گزارنے والی حکومت سے جواب طلبی اور اسے ناکام قرار دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب قوم نے بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ اب کرپشن اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے، اس لئے وہ وزیر اعظم عمران خان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں جوکرپشن سے پاک اور خوشحال پاکستان کی نوید ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close