اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جنہوں نے دفاعی ٹیکنالوجی میں زیادہ ترقی کی ہے اور یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ آج پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے،ہم جدید ترین میزائل پروگرام چلا رہے ہیں،ملکی سطح پر ٹینکس
اور میزائل تیار کر رہے ہیں اور اپنا ایٹمی پروگرام کامیابی سے چلا رہے ہیں۔جمعہ کو یوم دفاع کے سلسلے میں ’’اے پی پی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے باصلاحیت انجینئرز اور سائنسدانوں نے پاکستان کے دفاعی نظام کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر وہ دن ہے ہمیں اپنے بہادر جنگجووں اور ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور یہ دن ہمارے مادر وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان کا تعلق جہلم سٹی ہے جہاں کے ہر علاقے،گاوں اور ٹاون میں شہداء کی قبریں اور یاد گاریں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ان ماوں اور بہنوں کے دکھ درد انتہائی قریب سے دیکھے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں اور بھائیوں کو اپنے ملک کی محبت میں قربان کیا ہے۔یہ شہداء اپنے ملک کی سرزمین کے تقدس کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اپنی ملازمت کی خاطر اپنے ملک سے محبت کے لئے اپنی جان نہیں دے سکتا ہے۔ اس لئے وہ اس دن ہماری مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی سالمیت کے لئے اپنی جان کو خطرہ میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ممالک جن کے پاس اپنے ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لئے ایسی مسلح افواج کی کمی ہے ،انکی بین الاقوامی دنیا میں کوئی اہمیت نہیں۔ملک کے نوجوانوں کو اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ جو بھی پیشہ انتخاب کرتے ہیں،چاہے وہ کھیل ہو، تحریر ، فوج یا سائنس ، ہمیشہ اس پیشے پر بھر پور توجہ دیں ،جو آج کی دنیا میں مشکل نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں