اپوزیشن دو تہائی اکثریت سے بھی حکومت نہیں گراسکتی،عمران خان چاند چڑھائے یا چاند کو اتارے ،ان کی حکومت یہ تین سال ہی نہیں، اگلے پانچ سال بھی رہے گی

لاہور (پی این آئی) سینئر اینکر پرسن کامران شاہد نے کہا ہے کہ اپوزیشن دو تہائی اکثریت سے بھی حکومت نہیں گراسکتی، عمران خان چاند چڑھائے یا چاند کو اتارے ، ان کی حکومت یہ تین سال ہی نہیں، اگلے پانچ سال بھی رہے گی، اپوزیشن کی آئینی تبدیلی کی باتوں پر ہنسا ہی جاسکتا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی پر اپنے

تبصرے میں کہا کہ دعویٰ کرنے میں کوئی قدغن نہیں، کئی دعوے ایسے ہوتے ہیں جس کے اوپر دوسرا بندہ ہنسنے پر مجبور ہوجاتا ہے، بلکہ بہت سارے لوگ احسن اقبال کا بیان سن کرہنس ہنس کر لوٹ کھسوٹ ہو رہے ہوں گے، احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو آئینی طور پر گرائیں گے۔یہ بیان دینے والوں کو دل اور دماغ سے پتا ہے کہ وہ ایسا نہیں کرسکتے۔پہلی بات تو یہ ہے وہ آئینی طور پر حکومت گرا نہیں سکتے ، کیونکہ ان کے پاس تعداد نہیں ہے۔لیکن ان کے بیانا ت پر ہنسنے کی بات اس لیے ہے، اگر اپوزیشن کے پاس دوتہائی اکثریت بھی آجائے، میں بڑے وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ اس کے باوجود بھی یہ حکومت کا بال بیکا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت تو اگلے تین سال تک رہے گی، لیکن جو میں دیکھ رہا ہوں، اگلے پانچ سال بھی تحریک انصاف کی حکومت رہے گی۔میں پہلے مبارکباد دے چکا ہوں کہ عمران خان چاند چڑھائے یا چاند کو اتارے ان کی حکومت یہ تین سال بھی پکی ہے، بلکہ میں جو دیکھ رہا ہوں اگلے پانچ سال کیلئے اگلا الیکشن بھی وہ جیت سکتے ہیں۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن کی رہبرکمیٹی نے 20 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان کردیا ہے، اے پی سی بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی، اے پی سی کا ایجنڈا شفاف انتخابات کا انعقاد ہے ، ان ہاؤس تبدیلی یا انتخابات تمام فیصلے اے پی سی میں ہوں گے، یہ منتخب نہیں سلیکٹڈ حکومت ہے، ایک لمحے کی تاخیر نہیں کی جاسکتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close