کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی، نیپرا کا کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کا نوٹس، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

اسلام آباد (این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔نیپرا سے جاری نوٹس میں کہاگیا کہ کراچی میں جولائی اور اگست میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر

سخت نوٹس لیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایک تغقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔نوٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کی سربراہی میں کمیٹی کراچی جا کر کے-الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کرے گی اور نیپرا قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق حقائق تلاش کرے گی۔کمیٹی مکمل تحقیقات کے بعد تفصیلی رپورٹ نیپرا کو پیش کرے گی اور اس رپورٹ کے تناظر میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں نے تباہی مچادی تھی جس کے نتیجے میں سڑکیں، کاروباری مراکز، انڈر پاسز، ہاسنگ سوسائٹیز سمیت لوگوں کے گھروں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا تھا۔شہر میں ریکارڈ بارش سے لوگوں کو بدترین مالی نقصان پہنچا جبکہ بہت سے لوگ اپنے پیاروں سے بھی محروم ہوگئے۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 28 اگست کو بتایا تھا کہ صوبے بھر میں مون سون کی بارشوں سے 80 افراد جاں بحق ہوئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں