اسلام آباد (پی این آئی) عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے مستعفی ہونے کے اعلان پر حکومت کا ردعمل، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ چئیرمین سی پیک اتھارٹی پروفیشنل اور ڈیسینٹ آدمی ہیں، انہوں نے شاید حکومت، خود اور اہل خانہ کو تنازعے سے بچانے کیلئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا جس کی عزت کرتے
ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان پر وفاقی حکومت کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔اس تمام معاملے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ کے فیصلے کی عزت کرتے ہیں۔وہ ایک پروفیشنل اور باوقار شخص ہیں، شاید انہوں نے حکومت، خود اور اہل خانہ کو تنازعے سے بچانے کیلئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ عاصم سلیم باجوہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا عہدہ قبول نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم وزیراعظم عمران خان کے پرزور اصرار پر عہدہ قبول کیا۔ بطور معاون خصوصی برائے اطلاعات کئی اہم مسائل حل کروائے۔ تاہم اب موجودہ صورتحال میں انہوں نے اپنے اہل خانہ سے طویل مشاورت کی ہے، جس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا عہدہ چھوڑ دیا جائے۔وہ اس عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے، وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ انہیں اس ذمے داری سے ریلیز کر دیا جائے۔ وہ چاہتے ہیں کہ صرف چئیرمین سی پیک اتھارٹی کا عہدہ اپنے پاس رکھیں۔ ان کی کوشش ہے کہ صرف سی پیک منصوبے پر اپنی توجہ برقرار رکھیں ۔ فیصلہ کیا ہے کہ صرف ایک جانب توجہ مرکوز رہنی چاہیئے، سی پیک اتھارٹی پر کام کرتا رہوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں