بلیک میل ہونگے نہ این آر او دینگے، ایف اے ٹی ایف کا بل ہر صورت منظور کرائیں گے،وزیراعظم کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں آئے گی اور نہ ہی این آر او کی ڈیمانڈ پوری کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت حکومتی اور اتحادی سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون فروغ نسیم نے فنانشل ایکشن

ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)سے متعلق قانون سازی پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران سینیٹ میں قوانین کی منظوری سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے سینیٹ میں ملکی مفاد کی قانون سازی روک کر ملک دشمنی کی۔وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی،ہم نے فیٹف سے متعلق قانون سازی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ہر صورت منظور کروانی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کو اپنی ذاتی مفادات کے لیے استعمال کر رہی ہے،اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم فیٹف کی گرے لسٹ سے باہر نہ آ سکیں، یہ ملکی مفاد کے قوانین پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے سینیٹرز کو عوامی مفاد کی قانون سازی میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلیک میلنگ میں آئیں گے اور نہ ہی این آر او کی ڈیمانڈ پوری کریں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ فیٹف، پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ ملکی مفاد کا معاملہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بل کی منظوری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے،اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سینیٹرز کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق ضروری ہدایت بھی دیں۔سینیٹرز نے حکومتی فیصلوں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری کیلئے ہر ممکن کوشش پر اتفاق کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close