حکومت صرف لفاظی سے کام لے رہی ہے، وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت سے مشاورت کریں، کراچی سے واپسی پر شہباز شریف کے چوکے چھکے

لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ(ن)کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے تعاون نہیں کیا،کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والے مسائل پر وفاقی حکومت نے صرف بیانات سے کام لیا اور عوام کو مشکلات میں چھوڑ دیا۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ

بدقسمتی سے وفاق کی جانب سے لفاظی کر کے سیاست کی گئی، وفاق کو صوبے کی مدد کرنا چاہیے تھی تاکہ قوم اس عمل کی تحسین کرتی۔ کراچی میں کاروباری افراد بھی سیلاب سے متاثر ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت اپنی طاقت کیمطابق کراچی میں کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت سے مشاورت کریں۔شہباز شریف نے کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی کا سفر مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ مل کر طے کرے گی۔ کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کا وعدہ بھی پوراکریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔ وہاں بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی لاپرواہی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔شہبازشریف نے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے تباہی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام کے مصائب کو فوری حل کیاجائے۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں( ن) لیگی قیادت اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کی مدد کی جائے۔ مکانات، فصلوں اور دیگر نقصانات پر مناسب مالی مدد کی جائے۔ ریلیف اور ریسکیو کا جامع پلان مرتب کرکے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔شہبازشریف نے( ن) لیگی کارکنوں کو ہدایت کی کہ انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد میں کوئی کسراٹھانہ رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close