اسلام آباد(پی این آئی):عوام کو آٹا چینی سستے نرخوں پر یقینی دستیاب ہو گا، وزیر اعظم عمران خان نے ایسی حکمت عملی کا اعلان کر دیا کہ کابینہ نے بھی حمایت کر دی، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی جبکہ چینی بھی درآمد کی جا رہی ہے۔عوام کو فراہمی اور قیمتوں کو خود مانیٹر کروں گا۔
گندم اور چینی کی ملک میں سپلائی پاکستان ریلویز کے ذریعے کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ بات وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی کی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں دو دن بعد کراچی جا رہا ہوں، وہاں حالات کا خود جائزہ لوں گا۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ اور سوریج سمیت تمام مسائل کو حل کریں گے۔ مجھے کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ادراک ہے۔ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی۔اجلاس میں کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں، مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات اور ملک کے بڑے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ نیپرا اور سٹیٹ آف انڈسٹری کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جبکہ بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔شرکا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے پر وزیراعظم کے فیصلہ کی تعریف کی جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں