کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے رواں ماہ 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری ونجی سکولوں کیلئے ایس اوپیز جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا کہ
تمام سرکاری ونجی سکولز ایس اوپیز کیساتھ کھولے جائیں گے۔ سندھ حکومت نے سکولوں کی انتظامیہ، طلبا، اساتذہ کیلئے ایس او پیز جاری کئے ہیں، جس پر سکول مالکان و انتظامیہ کو عمل درآمد کرانا ضروری ہو گا ۔ سکولوں کی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ سکولوں کی عمارتوں، کلاس رومز میں باقاعدگی سے جراثیم کش سپرے کیا جائے، کلاس روم میں طلبہ کے بڑے اجتماع سے بچنے کے لئے سکول کے دن اور اوقات مقرر کریں اور پری پرائمری، پرائمری، لوئر سیکنڈری اور اپر سیکنڈری کے طلبا کو شفٹوں میں تقسیم کیا جائے۔ طلبہ اور اساتذہ کیلیے ماسک پہننا لازمی ہوگا اور صبح کی اسمبلی متعلقہ کلاس روم میں ہونی چاہئے جبکہ کوویڈ۔19 علامات کے حامل طلبا، اساتذہ اور دیگر عملے کو سکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایس او پیز کے مطابق اساتذہ کھانسی کے وقت طلبا کو منہ اور ناک ڈھانپنے کا درس دیں اور یقینی بنائیں کہ کلاس روم کا فرنیچر مناسب فاصلے کے ساتھ رکھا گیا ہے،طلبا سفر اور کلاس میں ماسک پہنیں، اپنے ہاتھ بار بار دھوئے، چہرے کو مت چھوئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں