ملتان(این این آئی )دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا،سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے کمر کس لی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور سی پی او محمد حسن رضا خان نے دریائے چناب کے کنارے واقع مواضعات کا دورہ کیا ،اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان،اے سی سٹی عابدہ فرید اور اے سی صدر شہزاد
محبوب بھی انکے ہمراہ تھے ریونیو آفیسر سہیل کھوکھر،محکمہ صحت،لائیو سٹاک،ریسکیو کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے محمد پور گھوٹہ،قاسم بیلہ اور جلال آباد ، چناب چوک اور شیر شاہ فلڈ بند کا بھی معائنہ کیا انہوں نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں،فلڈ فائٹنگ کے لئے دو ماہ سے تیاری جاری ہے،ان کا کہنا تھا کہ دریائے چناب کی موجودہ صورتحال کے مطابق ضلع ملتان میں سیلاب کا خطرہ نہیں ،ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی سطح کم ہورہی ہے،دریائے چناب میں ملتان کی حدود سے اس وقت ایک لاکھ55 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے اور توقع ہے بدھ سے پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو جائے گی حفظ ما تقدم کے تحت ضلع میں13 مقامات پرفلڈ ریلیف کیمپس لگا دئے گئے ہیں،ریسکیو 1122دریائی علاقے میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہا جانوروں کی ویکسی نیشن کا کام بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس کو دریائی علاقوں میں پٹرولنگ کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں دریائی علاقوں میں لوگوں کے مال اور مویشیوں کی مکمل حفاظت کی جائے گی دریائے چناب کے ساتھ اہم گزر گاہوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں