پاکستان سے کورونا وائرس کی چھٹی ، وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد کتنی رہ گئی؟ اچھی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو پیر کو آگاہ کیا گیا کہ مئی کے بعد پہلی بار وینٹیلیٹرز پر کورونا کے مریضوں کی تعداد 100 سے کم ہوگئی جو کہ خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں

محرم الحرام کے حوالہ سے منصوبوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات اور تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔فورم نے محرم کی سرگرمیوں کے دوران بیماری کے پھیلاؤ کے اثرات کا جائزہ لیا اور صوبائی حکومتوں کے ذریعے نافذ محرم کے انتظاماتی منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولنے اور اداروں میں ہاتھ دھونے کی سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔فورم نے تعلیمی اداروں میں ہاتھ دھونے کی سہولیات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا کیونکہ اس سے وبائی امراض پر قابو پانے میں مؤثر طریقے سے مدد ملے گی۔فورم کو یہ بھی بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بحالی کے حوالے سے رہنما اصول جلد ہی صوبائی حکومتوں اور نجی سکولوں کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ فورم کو مزید بتایا گیا کہ سکولوں اور طلباء سے وابستہ اس وبائی مرض سے متعلق اعداد و شمار کی جانچ کیلئے کسی خاص علاقے یا سکول میں اس وائرس کے پھیلاؤ کا فوری پتہ لگانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے تحت اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرے پر قابو پانے کے لئے وسائل کو تیزی سے متحرک کرنے میں معاونت حاصل ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں