لاہور(پی این آئی)عثمان بزدار کس کی کارکردگی سے خوش ہوئے کہ شاباش ہی دے دی؟،لاہور: عاشورہ پر بہتیرن سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو شاباش دی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت ہر شہر میں امن عامہ کے لیے بہترین انتظامات
کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج، رینجرز، انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کمیٹی اراکین نے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا۔ آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر شہرماتمی جلوس، تعزیے، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس نکالے گئے۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔ مرکزی جلوس میں عزاداران امام حسینؓ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اوراردگرد کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند تھیں۔راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔کوئٹہ میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاورکی امام بارگاہ آغا رضی سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ ملتان میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس دربار شاہ شمس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ہے۔ میرپورآزاد کشمیرمیں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ہے۔لاہور میں قدیمی شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے رات کو برآمد ہوا تھا۔ لاہور میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ڈرون استعمال کیے گئے ہیں۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا تھا۔ شہر قائد کے مختلف مقامات سے نکلنے والے تین چھوٹے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوئے جس کے بعد جلوس مقررہ راستوں سےہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارا در پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہترین رہے اور کہیں کوئی خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں