اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ ان کے کرپشن کیسزچھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے کرپشن کیسز ختم کیے تواللہ کو جواب دہ ہوں گا۔ میری حکومت چلی جائے منظور ہے لیکن ان کے کرپشن کیسز ختم نہیں کروں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں این آر او دیں تو
ہماری حکومت 5سال آرام سے پوری کرسکتی ہے۔ خیال رہے کہ عمران خان اس سے پہلے بھی این آر او نہ دینے کی باتیں کرتے رہے ہیں جب کہ اپوزیشن کا موقف ہے کہ وہ کوئی این آر او نہیں مانگ رہے اور اگر ایسا ہے تو وزیراعظم کوئی ثبوت سامنے لائیں۔وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز بھی حزب اختلاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کی کوششیں ناکام بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پروزیر اعظم نے کہا کہ ’حزب اختلاف نےآج ایوانِ بالا میں فاٹیف سے متعلق 2 اہم قانونی مسودہ جات یعنی انسدادِ منی لانڈرنگ اور آئی سی ٹی وقف بلز کی منظوری رکوائی۔ میں روز اول سے کہہ رہا ہوں کہ ذاتی مفادات کے اسیر ان اپوزیشن رہنماؤں اور پاکستان کے مفادات جدا جدا ہیں۔‘اسی تنقید کو جاری رکھتے ہوئے انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ’جمہوریت کےلبادے میں چھپنے کی کوشش کررہی ہے۔ این آر او کے حصول کے لیے یہ نیب کو کمزور کرنے کیساتھ قومی معیشت کی تباہی اور غربت میں اضافے کے لیے پاکستان کو فاٹیف کی بلیک لسٹ تک میں شامل کردیتے۔ حال یہ ہے کہ این آر او کیلئے یہ لگاتار حکومت گرانے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں‘۔وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے بھی ٹوئٹ کیا تھا کہ یہ ہیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے این آراو مانگا گیا۔ انہوں نےلکھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر بار ن لیگی قیادت نے ملک اور قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں