کراچی میں تباہ کن بارش، بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا،پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، جمعہ کو اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کتنی بارش ہو گی؟ مفصل رپورٹ جانیئے

اسلام آباد،کراچی،لاہور،پشاور(آئی این پی)کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں کہیں بونداباندی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہرقائد میں بد ترین طوفانی بارش نے تباہی مچادی جس کے باعث بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،کراچی میں بارشوں کے پچھلے تمام ریکارڈ

ٹوٹ گئے ہیں،جمعہ کے روز اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے باعث نظام زندگی مکمل طورپردرہم برہم ہوگیا۔ شہرمیں متعدد سڑکیں اورشاہراہیں ایک بار پھر تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی میں جن علاقوں میں موسلا دھاربارش جاری ہے ان میں گلشن اقبال، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ، پی ای سی ایچ ایس، شہید ملت روڈ، شارع فیصل، بلوچ کالونی، دھوراجی کالونی، کارساز، ملیر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، صفورا گوٹھ، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گولیمار، ایم اے جناح روڈ، نمائش، جیل چورنگی، گلستان جوہر، واٹر پمپ، سہراب گوٹھ، سپرہائی وے بھی شامل ہے۔شہر میں بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور بارش کی وجہ سے 5 گھنٹے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دبا کا ٹرف بحیرہ عرب اورجنوبی سندھ پر تاحال موجود ہے، بلوچستان سے بھی ایک ٹرف مغرب کی جانب سے داخل ہورہا ہے، ٹرف کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ شہری مدد کے لیے 1101 ہیلپ لائن یا 9001111-0347 پر بذریعہ واٹس ایپ رابطہ کریں۔ سندھ رینجرزکی جانب سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ رینجرز متاثرہ علاقوں میں خوراک کی فراہمی کے لیے این جی اوز کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ترجمان ایدھی فانڈیشن کے مطابق ایدھی کنٹرول روم کی ہیلپ لائن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہوگئی ہے لیکن ایدھی کی کشتیاں اب بھی خدمات سر انجام دینے میں مصروف عمل ہیں تاہم بارش کے پانی کی وجہ سے ایدھی کنٹرول روم میں پانی بھر گیا۔ کراچی میں بارشوں کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، محکمہ موسمیات کے پاس 1932 سے بارشوں کا ریکارڈ موجود ہے جو ٹوٹ گیا۔رپورٹ کے مطابق 53سال پہلے جولائی 1967میں کراچی میں 429ملی میٹر بارش ہوئی، رواں ماہ اب تک 442ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 1967کے مون سون میں کراچی میں 713ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، رواں مون سو میں اب تک 566ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے۔رواں ماہ میں سب سیزیادہ بارشوں کاریکارڈ بھی پہلے ہی ٹوٹ چکا ہے، کراچی میں اگست میں بارش کا46سال کاریکارڈ3دن پہلیٹوٹاتھا،اگست1984میں فیصل بیس پر298ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی تھی۔اسی طرح 25 اگست شام 5بجے تک فیصل بیس پر 345ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی تھی، اگست میں کراچی کے تین مختلف اسٹیشن پر زیادہ بارش کے ریکارڈ ٹوٹے ہیں۔کراچی ایئرپورٹ پر اگست میں بارش کا 42سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، اگست 1979میں ایئرپورٹ پر 262ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، اگست 2007میں مسرور بیس پر 272ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ رواں مون سون میں یہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔دوسری جانب جمعہ کے روز اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دورن سندھ کی ساحلی پٹی اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر مزید بارش ہو سکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب، سندھ، کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔گوجرانوالہ 95، سیالکوٹ 84، جہلم 78، کوٹ ادو 53، مری 46، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی جی خان 30، چکوال 27، لاہور 23، ساہیوال 23، نورپور تھل 20، اٹک 19، نارووال 15، گجرات 12، فیصل آباد، منڈی بہا الدین10، راولپنڈی 10، قصور 09، اسلام آباد 08، جوہر آباد، اوکاڑہ 07، لیہ 05، رحیم یار خان 04، خانپور 03، ملتان اور سرگودھا میں 02 ملی لیٹر بارش ہوئی۔اس کے علاوہ موہنجو داڑو 100، جیکب آباد 60، لاڑکانہ 57، پڈعیدن 31، دادو 07، کراچی 06، سکھر، بدین 06، مٹھی، سکرنڈ 03، شہید بینظیر آباد 01، کوٹلی 82، راولاکوٹ 27، گڑھی دوپٹہ 18، مظفر آباد 12، سبی 74، بارکھان 42، خضدار 19، ژوب 12، لسبیلہ 03، قلات 02، مالم جبہ 20، سیدو شریف 08، کالام 04، کاکول، بالا کوٹ 03، پشاور، 02، گوپس 08، گلگت، بگروٹ 07، ہنزہ 05، استور 04، سکردو، میر کھانی 03 اور بونجی میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ لاہور میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخواہ میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتحال ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع،کشمیراوراسلام آباد میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کاامکان ہے۔آج (جمعرات) صبح ریکارڈ کیا گیا بعض شہروں کا درجہ حرارت اسلام آباد 24ڈگری سینٹی گریڈ، لا ہو، پشاوراورکوئٹہ 27،کراچی 28، گلگت 20، مری اورراولاکوٹ 17اورمظفرآباد 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close