پاک بحریہ کا کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں سرچ، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچایا

کراچی (آئی این پی) پاک بحریہ کی کراچی میں موسلادھار بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ پاک بحریہ ایمرجنسی رسپانس اور ریسکیو ٹیموں نے بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور سیلاب میں بہہ جانے والی نعشیں تلاش کر کے ورثا کے حوالے کیں۔

سول انتظامیہ کی مدد کے لئے پاک بحریہ نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کیں جو کہ کشتیوں اوردیگر مطلوبہ زندگی بچانے کے سازوسامان سے لیس تھیں۔ ان علاقوں میں ڈائمنڈ سٹی ملیر، شاہ فیصل ٹاون، کورنگی کراسنگ، سمو گوٹھ اور بحریہ ٹاون کراچی شامل ہیں۔ سرچ اور ریسکیو آپریشن کے دوران پاک بحریہ نے شاہ فیصل ٹاون اور کورنگی کراسنگ کے علاقوں سے دو افراد کی نعشیں برآمد کیں جبکہ ملیر اور کورنگی کراسنگ کے سیلاب زدہ علاقوں سے 55 افراد کو نکالا گیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے سمو گوٹھ میں پھنسے ہوئے 20 خاندانوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے کورنگی کراسنگ، قائد آباد (ملیر ندی)، اور گوٹھ شفیع محمد میں ریسکیو آپریشن میں معاونت کی جبکہ صدر ٹاؤن میں مشکل سے دو چار افراد کی نشاندہی اورامدادی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے کواڈ کاپٹر کی مدد سے جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں، مختلف علاقوں میں راشن بیگز اور پکا ہوا کھانا بھی پہنچایا گیا۔پاک بحریہ کی کراچی میں امدادی سرگرمیوں کا مقصد متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا اور اُن کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close