سویپرز ہمارے سپر ہیرو ہیں، پاکستانی خاتون وکیل نے بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

اسلام آباد (پی این آئی) سویپرز ہمارے سپر ہیرو ہیں، پاکستانی خاتون وکیل نے بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا، پاکستان کی معروف سماجی و سیاسی کارکن اور انسانی حقوق کے لیے سرگرداں میری جیمز گل نے سینیٹری ورکرز کے لیے اپنی خدمات کے عوض بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔سوئیڈن کے ادارے اینا لندھ

میموریل فنڈ کی جانب سے یہ انعام ہر سال ان افراد کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جو کسی قسم کے امتیاز، ناانصافی، بے حسی کے خلاف اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔اینا لندھ میموریل فنڈ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ سینیٹری ورکرز اور دیگر محرومی کے شکار طبقات کے حالات بہتر بنانے کی کوششوں کے عوض اس سال کا ایوارڈ میری جیمز گل کو دئیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ادارے نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ میری جیمز گل کی کاوشوں سے پاکستان میں خاکروبوں اور سینیٹری ورکرز کے حالات میں بہتری آئی ہے اور ان کی حفاظت اور عزت وتوقیر میں اضافہ ہوا۔اینا لندھ میموریل فنڈ نے مزید کہا کہ اس ایوارڈ کے ذریعے دنیا بھر کے سینیٹری ورکرز کے حالات کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔میری گل کو اس ایوارڈ کے لیے واٹر ایڈ سوئیڈن نے نامزد کیا تھا۔واٹر ایڈ پاکستان سمیت دنیا بھر میں محروم اور غریب ترین طبقات کی صاف پانی، نکاسی آب اور صاف صحتمند ماحول تک رسائی کے لئے کوشاں ہے۔سابق ممبر قومی اسمبلی میری جیمز گل کو یہ ایوارڈ سینیٹری ورکرز کے لیے چلائی جانے والی مہم ’سوئپرز آر سپر ہیروز‘ کے لیے دیا گیا ہے۔ایوارڈ کی تقریب 8 نومبر کو کو منعقد ہوگی جو کہ ورلڈ ٹوائلٹ ڈے سے منسوب ہوگی جو 9 نومبر کو منایا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close