کراچی (پی این آئی ) سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا اعلان، عاشورہ تعطیلات کی وجہ سے سندھ حکومت نے 28 اگست کو ہی پنشن اور تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی
ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کو ماہ اگست کی تنخواہ اور پنشن اگلے ماہ ستمبر کی بجائے رواں ماہ میں ہی ادا کر دی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ اگست کی پنشن اور تنخواہیں یکم ستمبر کے بجائے 28 اگست کو جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ سندھ اور ملک بھر میں عاشورہ کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ سندھ سمیت ملک بھر میں 29 اور 30 اگست بروز ہفتہ اتوار تعطیلات ہوں گی۔سرکاری تعطیلات کے دوران تمام نجی و سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ عاشورہ کی تعطیلات کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جا چکا۔20 اگست کو کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران محرم الحرام کا چاند نظر آگیا تھا، جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ یکم محرم 1442 ہجری 21 اگست بروز جمعہ جبکہ یوم عاشور 30 اگست بروز اتوار کو ہوگا۔ یہاں واضح رہے کہ اس وقت صرف سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن قبل از وقت ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی یا کسی بھی دوسری صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو قبل از وقت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا اعلان نہیں کیا گیا۔امکان ہے کہ وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں کے سرکاری ملازمین کو اگلے ماہ ستمبر میں ہی ماہ اگست کی تنخواہ اور پنشن موصول ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں