اسلام آباد (آئی این پی) ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی وطن واپسی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے مریم نواز کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار
کرتے ہوئے کہا کہ لیگی مریم نواز نے نیب کے باہر جو کیا اس پر انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے تھا۔ کچھ بھی ہو جائے مریم نواز کو باہر نہیں جانے دیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران وزرا نے گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ بھی اٹھایا، اجلاس کے دوران کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم کی جانب سے افسوسناک زبان استعمال کی گئی۔ اس پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ عوام سے ووٹ گالیاں سننے کیلئے نہیں لئے تھے۔ آئندہ ہمیں گالی دی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزرا کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کی عزت و تکریم کا بھی احساس نہیں کیا گیا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو بدزبانی کے مرتکب ارکان کی رکنیت معطل کرنا چاہئیے۔ کابینہ اجلاس کے دوران نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی طریقہ کار پر بھی مشاورت ہوئی، کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ بیماری کا سرٹیفکیٹ دکھا کر ملک بھاگنے والوں کو اب کوئی بیماری نہیں۔ وفاقی کابینہ کابینہ نے ملک سے بھاگے ہوئے مجرم کی وطن واپسی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں