کراچی (پی این آئی)کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہوگیا،ہائی وے اور سپرہائی وے لنک روڈ پر ٹریفک معطل، کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں۔کورنگی کازوے پر ندی کی سطح بلند ہوگئی، کاٹھور ندی میں طغیانی
کے بعد نیشنل ہائی وے اور سپرہائی وے لنک روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ادھر گڈاپ میں ٹھڈو ڈیم بھی اوور فلو ہوگیا جس کے بعد آس پاس کے رہائشیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ڈیم میں شگاف بھی پڑگیا ہے جس سے پانی کا رساؤ شروع ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں موسلادھار اور لگاتار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔شارع فیصل ، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ پاکستان اور یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔نیا ناظم آباد میں بھی سیلابی صورت حا ل ہے جبکہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات 8 بجے تک جاری رہ سکتا ہے۔ کراچی میں صبح آٹھ سےدوپہر دو بجے تک سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 118ملی میٹر، ناظم آباد اور صدر میں 77 ، یونیورسٹی روڈ اور لانڈھی میں 69 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں