کراچی(پی این آئی)بارش کا چھٹا اسپل،کراچی میں دوسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی،اربن فلڈنگ کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے چھٹے اسپل کے دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہرمیں پچاس سے ستر ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے جبکہ کچھ
علاقوں میں ستر ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔ شہرمیں دوبارہ اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاوَن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، کھارادر، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلبرگ، بفرزون ،عزیز آباد اور لیاقت آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کے مکین بجلی کی فراہمی کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں تین دن بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی۔ جس سے علاقہ مکین سخت اذیت سے دوچار ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ کے الیکٹرک نے موقف اپنایا ہے کہ جن علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں بجلی بحال کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔کراچی میں بارش کےباعث متعدد علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہے۔ سرجانی ٹاؤن ، یوسف گوٹھ ، بسم اللہ گوٹھ،اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بھی بجلی غائب ہے۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی ممکن نہیں۔ نارتھ ناظم آباد ، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور اسکیم 33 میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ بارش کے دوران بھی کے الیکٹرک کا مرمتی آپریشن جاری ہے۔حیدرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔آج سندھ، جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی پختونخوا میں بھی تیز بارش کا متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں