لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے بےگھر افراد کیلئے169 رہائشی اسکیمیں بنانے کا فیصلہ کرلیا، رہائشی اسکیمیں لاہور سمیت پنجاب بھر میں بنائی جائیں گی، حکومت نے فاٹا ایجنسی کو ہاوسنگ یونٹس بنانے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ کے تحت لاہور
سمیت صوبہ بھر میں 169 رہائشی اسکیمیں بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جس کے تحت فاٹا ایجنسی کو نئے گھر اور یونٹس بنانے کی منظوری مل گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور اور فیصل آباد میں 39 ہزار پلاٹس شہریوں کو دیئے جائیں گے۔ اسی طرح لاہور اور فیصل آباد میں سیٹلائٹ ٹاؤن کی ہاؤس مینجمنٹ کر کے29 رہائشی اسکیمیں بنائی جائیں گی۔ ہاؤسنگ اسکیمیں 20 ہزار5 سو31 ایکٹر کے رقبے پر بنائی جائیں گی. پراجیکٹ کے تحت 169 اسکیموں میں1 لاکھ 75 ہزار پلاٹس کٹنگ کی گئی ہے۔3 مرلہ پلاٹس کی تعداد 44 ہزار9 سو27 اور5 مرلہ پلاٹس کی تعداد 38 ہزار6 سو 62 ہے۔مزید برآں وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 10 نئے شہروں میں ڈویلپرز، بلڈرز اور انویسٹرز کے ساتھ جائنٹ وینچر کے ذریعے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان نئے شہروں میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، چنیوٹ، چشتیاں، کھاریاں، پتوکی، حضرو اورلودھراں شامل ہیں۔متعدد انویسٹرز، ڈویلپرز اور بلڈرز نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کیلئے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) سے رابطہ کیا ہے اور اس ضمن میں ان انویسٹرز، ڈویلپرز اور بلڈرز کی درخواستوں پر پھاٹا میں ضابطے کی کارروائی جاری ہے جس کے تحت ان بلڈرز کی رہائشی سکیموں کو منظور کرکے ان شہروں میں جلد از جلد کم لاگت گھروں کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی پالیسی کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے تین لاکھ روپے کی سبسڈی کی فراہمی سے کم آمدنی والے طبقہ کو خاطرخواہ آسانی فراہم ہوگی۔ میاں محمودالرشید نے مزید بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور ہاؤسنگ سے متعلقہ پالیسیاں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں