کوہاٹ (پی این آئی)پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت، بتایا جا رہا ہے کہ ذخائر خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں ملے۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے خیرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی نتائج کے مطابق آئل اینڈ گیس
ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے توغ بالا کنواں نمبر1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 125 بیرل کنڈنسیٹ حاصل کیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے تیل اور گیس کی دریافت کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی پاکستان میں قدرتی گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ ماڑی پٹرولیم کو سندھ کے علاقے گھوٹکی میں گیس کی دریافت کی کوششوں کے دوران بڑی کامیابی ملی تھی۔ دریافت کیے گئے گیس کے کنویں سے پیداوای سرگرمیاں شروع کر دی گئی تھیں۔دریافت سے ابتدائی طور پر یومیہ 31لاکھ 27ہزار مکعب فٹ گیس حاصل ہو سکے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے سلسلے میں سندھ اور بلوچستان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، تاہم دریافت ہونے والے ذخائر اب بھی پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتے۔ پاکستان کو اب بھی تیل و گیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سالانہ اربوں ڈالرز کی امپورٹس کرنا پڑتی ہیں۔حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ2019-20ء میں 33 آپریزل و ڈویلپمنٹ ویلز کی ڈرلنگ کی گئی اور 26 مقامات سے تیل و گیس دریافت ہوئے جن سے تیل کی ابتدائی پیداوار 6799 بیرل یومیہ اور گیس کی پیداوار 234 ایم ایم سی ایف ڈی رہی۔۔ تیل و گیس کی تلاش کیلئے 40 نئے بلاکس نیلامی کیلئے پیش کئے جائیں گے، جبکہ موجودہ ریفائنریوں کی استعداد بڑھانے کیلئے مراعاتی پیکیج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دو نئی جدید ریفائنریوں کے قیام پر پیشرفت جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں