وفاقی اور صوبائی حکومتیں ختم کرکے ایماندار، نیک اور صالح لوگوں پر ایک فوجی حکومت تشکیل دی جائے،بڑا مطالبہ آگیا

کراچی(آئی این پی )آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرزاینڈکاٹیج انڈسٹریز کے جنرل سیکریٹری محبوب اعظم نے BMGگروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی کی جانب سے کراچی کو 5سال کے لئے فوج کے حوالے کئے جانے کے مطالبے کی بھرپورحمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاق اور صوبوں کی چپقلش کے ناختم ہونے

والے سلسلے کا یہی واحد حل ہے۔ کروناکے مسئلے پر وفاق اور صوبے کی اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے سے معیشت اور تاجروں کو بھاری نقصان اٹھاناپڑا،وفاق نے تاجروں کے بجلی،گیس اور دیگر یوٹیلٹی بلزمعاف کرنے اور قرضے دینے کی یقین دہانی کرائی اور مراعاتی پیکیج کے سپنے دکھائے جبکہ سندھ نے بھی اسی قسم کے پرکشش اعلانات کئے مگر کسی کو کچھ نہیں دیاگیا۔پنجاب نے عید سے چاردن پہلے لاک ڈائون کا اعلان کیاجس سے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھاناپڑا۔انہوں نے کہاکہ اب لاک ڈائون پورے ملک سے ختم کردیا گیا ہے مگر سندھ میں آج بھی موجودہے اور وہ بھی چند علاقوں میں۔محبوب اعظم نے کہاکہ سنیماہال کھول دیئے گئے ہیںمگر شادی ہالوں پر پابندی برقرار ہے،اسکول بندہیں لیکن ہوائی جہازاوربسوں میں فاصلے کی پابندی ختم ہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے،آٹا،گھی،چینی، دالیںاور ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں،وفاقی اور صوبائی وزرا  اورمشیر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں،ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے،بے روزگاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی بہت پریشان ہے،چینی انکوائری، آٹابحران،پیٹرول بحران کے ذمہ داران کوکوئی سزانہیں ملی۔اس لئے ہمارامطالبہ ہے کہ ایماندار، نیک اور صالح لوگوں پر ایک فوجی حکومت تشکیل دی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close