دو روز کی بارش نے کراچی کا نظام درہم برہم کر دیا ،سرجانی ٹاؤن کے علاقے بارش کی وجہ سے شدید متاثر،لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور

کراچی(پی این آئی):دو روز کی بارش نے کراچی کا نظام درہم برہم کر دیا ،سرجانی ٹاؤن کے علاقے بارش کی وجہ سے شدید متاثر،لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور، شہر قائد میں دو روز کی بارش نے شہر کا حلیہ تبدیل کردیا ہے۔ افسوسناک امر ہے کہ دو دن گزرنے کے باوجود کئی علاقوں سے نہ صرف تاحال بارش کے پانی

کی نکاسی نہیں ہو سکی ہے بلکہ کچھ جگہوں پر اس میں سیوریج کا پانی بھی مل گیا ہے جس کی وجہ سے متعدی امراض پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے شادمان ٹاؤن، نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن کے علاقے بارش کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں جب کہ سخی حسن قبرستان کے قریب والی سڑک دھنس گئی ہے جس کی وجہ سے گٹر کا پانی سڑکوں پہ جمع ہو گیا ہے۔ برساتی نالے کا پانی گندے پانی میں مل کر شادمان ٹاؤن، سخی حسن اور اطراف کی سڑکوں کو نقصان پہنچانے لگا ہے۔شادمان ٹاؤن والی سڑک بھی بری طرح متاثرہوئی ہے جس کا مقامی انتظامیہ نے حل یہ نکالا ہے کہ سڑک کا ایک حصہ ہی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے۔ہم نیوز کے مطابق شارع نورجہاں، شادمان اور ناگن چورنگی جانے والی ٹریفک بھی شدید متاثرہو رہی ہے جب کہ شارع نورجہاں کے قریب واقع نالہ اوور فلو ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کچرا سڑک پہ جمع ہے۔ علاقہ مکینوں نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار بھی کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں جمعرات تک بارش کا موجودہ سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے اور اس دوران ہلکی و تیز بارش متوقع ہے۔ علاقہ مکینوں نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ اگر مزید بارش ہوگئی تو ان کے علاقے کی صورتحال مزید اذیتناک ہو جائے گی۔شہر قائد میں مون سون کے جاری پانچویں سلسلے کے دوران بارش کی تباہ کاریوں نے شہریوں کی اذیتوں میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں گٹر ابلنے سے علاقہ مکین سخت مشکلات سے دو چار ہو گئے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو علاقے میں متعدی امراض بھی پھیل سکتے ہیں۔نجی ٹی وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک خاتون شہری نے کہا ہے کہ نہ صرف نلوں میں گٹر کا پانی آرہا ہے بلکہ سوئی گیس لائن تک میں گٹر کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں بچوں کو ملیریا یا ڈینگی جیسے خطرناک امراض بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو متعدد مرتبہ شکایات درج کراچکے ہیں لیکن کسی نے کوئی نوٹس نہیں لیا ہے جس کی وجہ سے موجودہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نجی ٹی نیوز کے مطابق نیو کراچی میں سندھی ہوٹل، نالہ اسٹاپ اور اس کے اطراف کی صورتحال بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے۔ علاقہ مکین انتظامیہ کا انتظار کرتے کرتے تنگ آکر اب ازخود علاقے کی صفائی ستھرائی کی کوشش کرر ہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close