ناران ،کاغان (پی این آئی)ناران،کاغان اور شوگران میں ہوٹلز کے سٹاف میں کرونا کی تصدیق ، تمام ہوٹلز سیل، مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے ہوٹلز کے اسٹاف میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ناران، کاغان اور شوگران میں تمام ہوٹلز سیل کردیے ہیں مگر علاقے میں سیاحوں کی آمد پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش واضح کیا کہ سیاحتی مقامات پر کسی بھی قسم کی پابندی زیر غور نہیں۔ ہوٹلز و ریسٹورنٹس اسمارٹ لاک ڈاون کے زمرے میں آتے ہیں۔ اسی لئے وہاں پر اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ مقبول حسین نے ڈان اخبار کے نمائندے کو بتایا کہ ضلعی محکمہ صحت نے سیاحتی مقامات پر واقع مختلف ہوٹلز کے 47 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔ جس کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ہوٹلوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس پابندی کے نتیجے میں ناران، کاغان اور شوگران میں 48 ہوٹلز اور 22 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ ان کے اسٹاف کو ہوٹل کے اندر ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے۔مقبول حسین نے بتایا کہ ضلعی محکمہ صحت نے قرنطینہ کیے گئے افراد کی دیکھ بھال سمیت ان سے ملنے جلنے والے افراد کی تلاش اور ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے۔ڈپٹی کشمنر نے ہوٹلز دوبارہ کھولنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا مگر یہ ضرور کہا کہ جب تک کرونا وائرس قابو میں نہیں آتا، ہوٹلوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں