اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پارٹی کو دوبارہ فعال بنانے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے پارٹی پر دوبارہ کنٹرول مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔(ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی ہدایت پر (ن) لیگ سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین سینٹ ، ایم
این ایز اور ایم پی ایز کے رابطہ نمبرز انہیں بھجوادیئے ہیں جس کے بعد نواز شریف نے ان اراکین پارلیمنٹ سے انفرادی رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور انہیں وہ خود ہدایات بھی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے دے رہے ہیں ۔نوازشریف پارٹی رہنمائوں اوراراکین پارلیمنٹ کے دکھ سکھ میں بھی شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور اگر کسی کا عزیز انتقال کرگیاہے تو اس پر تعزیت کرتے ہیں اور اگر کسی کی عزیز کی شادی ہورہی ہے تواسے فون کرکے مبارکبادیں دیتے ہیں ۔پارٹی کے صوبائی صدور کے ساتھ بھی روزانہ کی بنیادپر نواز شریف کا رابطہ ہے اور انہیں بھی (ن) لیگ کے مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کررہے ہیں ۔(ن)لیگ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ شہبازشریف کے بیمار ہونے کی وجہ سے وہ پارٹی امور پر توجہ نہیں دے رہے تھے جبکہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی ان کے روابط بہت زیادہ بڑھ گئے جس کی بناء پر نواز شریف خودمتحرک ہوئے کیونکہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اس بار ڈیل کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آتے دوسری طرف مریم نواز سے بھی نواز شریف روزانہ اپ ڈیٹ لے رہے ہیں اور انہیں بھی ہدایات جاری کررہے ہیں تاکہ ان کے وطن واپس آنے سے پہلے مریم نواز پارٹی کے اندر سینئر رہنمائوں کے ساتھ مل کر تقسیم اور اختلافات کو ختم کریں اور منظم طریقے سے آئندہ الیکشن کی تیاری کی جائے ذرائع نے مزید بتایا کہ (ن) کے قائد نے اپوزیشن کی مجوزہ اے پی سی کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں سے خود رابطے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ (ن) لیگ کے حوالے سے ان کے تحفظات کو دور کیا جاسکے اور (ن) لیگ کی واضح پالیسی کے بارے میں ان کو آگاہ کیا جاسکے ۔نواز شریف محرم کے بعد اے پی سی کا انعقاد چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے وہ اپنی پارٹی کو زیادہ سے زیادہ فعال کرنے کیلئے اس کا دوبارہ کنٹرول حاصل کررہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں