نیب میں شراب لائسنس کیس، عثمان بزدار کے خلاف سرکاری فائلوں کا ریکارڈ کیا کہانی سنا رہا ہے؟ سینئر صحافی نے زبردست انکشاف کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) نیب میں شراب لائسنس کیس، عثمان بزدار کے خلاف سرکاری فائلوں کا ریکارڈ کیا کہانی سنا رہا ہے؟ سینئر صحافی نے زبردست انکشاف کر دیا.وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز سے کہا تھا کہ لاہور کے ہوٹل کو شراب کا لائسنس دیدیا جائے لیکن وزیر اعلیٰ آفس

اس معاملے پر سرکاری فائل دیکھنے سے گریزاں تھا۔ انگریزی اخبار دی نیوز کے سینئر صحافی انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق سرکاری دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کی جانب سے غیر معمولی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا گیا اور تین مرتبہ اس وقت کے سیکریٹری ایکسائز کی جانب سے ارسال کی گئی سمریوں کو دیکھا گیا اور نہ ہی ان پر کوئی تبصرہ کیا گیا۔ ان سمریوں میں لاہور کے ہوٹل کو شراب کا لائسنس دینے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ ہر مرتبہ یہ معاملہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو واپس بھیجا گیا حالانکہ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے اصرار کیا جاتا رہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اور ماضی کی مثالوں کو دیکھتے ہوئے لائسنس صرف وزیراعلیٰ کی اجازت سے ہی جاری کیا جا سکتا ہے۔ نتیجتاً ڈی جی ایکسائز نے مبینہ طور پر وزیراعلیٰ کی زبانی ہدایات پر لائسنس جاری کر دیا لیکن اس کا سرکاری فائلوں میں ذرہ برابر بھی ذکر موجود نہیں کہ آیا اس معاملے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار یا ان کا دفتر ملوث ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس معاملے میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہیں، کیس کی تحقیقات نیب کر رہا ہے۔ تاہم، اس وقت کے ڈی جی ایکسائز کا اصرار ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دبائو میں لائسنس جاری کیا۔ آزاد ذرائع نے دی نیوز سے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ نے ڈی ی سے لائسنس جاری کرنے کا کہا تھا۔ لیکن تحریری طور پر ایسا کچھ موجود نہیں جس سے یہ بات ثابت ہو۔ تاہم، یہ بات بہت ہی دلچسپ ہے کہ نہ صرف چیف سیکریٹری نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی وزیراعلیٰ کو بھیجی ہوئی سمری واپس کر دی بلکہ بعد میں جب سیکریٹری ایکسائز نے نئی سمری بھجوائی اور براہِ راست وزیراعلیٰ آفس بھجوائی تو وہاں سے اسے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے واپس بھیج دیا گیا کہ یہ سمری وزیراعلیٰ کو کیوں بھیجی گئی ہے۔ دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ 20؍ دسمبر 2018ء کو اس وقت کے سیکریٹری ایکسائز نے وزیراعلیٰ کی منظوری کیلئے پہلی سمری بھجوائی۔ سمری میں معاملے کی تفصیلات موجود تھیں، اصولوں اور ضابطوں کا ذکر تھا، ماضی کی مثالیں بھی بتائی گئی تھیں اور اصرار کیا گیا تھا کہ حد آرڈر 1979ء کے نفاذ کے بعد حکومت نے ایسے لائسنس کے اجراء کے معاملے میں بہت سخت رویہ اختیار کر رکھا ہے کیونکہ یہ معاملہ نہ صرف حساس ہے بلکہ اس سے ثقافتی پس منظر بھی جڑا ہے۔ سمری میں اس بات کا بھی ذکر تھا کہ اگرچہ ڈی جی ایکسائز ایسا لائسنس جاری کرنے کے مجاز ہیں لیکن معاملے کی حساسیت اور اہمیت کی وجہ سے وزیراعلیٰ کی اصولی منظوری کی ضرورت ہے۔ ایسی صورتحال میں سیکریٹری ایکسائز نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اصولی طور پر تمام قانونی اور ضابطے کی کارروائی کی تکمیل کے بعد میسرز یونی کورن پریسٹیج لمیٹڈ (سوئس رائل لاہور لگژری ہوٹل، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور) کو ایل ٹوُ فارم پر لائسنس جاری کرنے کی منظوری دیں۔ یہ سمری چیف سیکریٹری کے ذریعے وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی گئی، جہاں سے اسے واپس ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو یہ نوٹ لگا کر بھیج دیا گیا کہ ’’سی ایس (چیف سیکریٹری) نے فائل دیکھ لی ہے اور نشاندہی کی ہے کہ یہ معاملہ قانون اور پالیسی کے مطابق مناسب فورم پر حل کیا جائے۔ قانون کے مطابق کو ئی اور ضروری اقدام ہو تو وہ بھی کرلیں۔ دو ہفتوں بعد 8؍ جنوری 2019ء کو اس وقت کے ڈی جی ایکسائز نے سیکریٹری ایکسائز کو یہ کیس بھیجا جس میں وزیراعلیٰ سے منظوری مانگی گئی تھی۔ اس سمری میں ڈی جی ایکسائز وزیراعلیٰ کو آگاہ کرنا چاہتے تھے کہ درخواست گزار نے قانون کے مطابق تمام شرائط پوری کی ہیں تاکہ اسے شراب کا لائسنس جاری کیا جا سکے اور چاہتے ہیں کہ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریجن ڈی لاہور اور ایکسائز ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش کے مطابق معاملے کی منظوری دی جائے۔ ڈی جی نے مزید کہا کہ ماضی کی مثالوں کو دیکھیں تو ایس اینڈ جی اے ڈی نے 27؍ دسمبر 2018ء کو خط جاری کیا تھا جس کے مطابق ایسے معاملات وزیراعلیٰ کے روبرو پیش کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ سیکریٹری ایکسائز نے ڈی جی کا لکھا نوٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوا دیا۔ لیکن اسپیشل سیکریٹری (امپلی مین ٹیشن) وزیراعلیٰ پنجاب نے 19؍ جنوری 2019ء کو فائل پر نوٹ لکھا کہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے نشاندہی کی ہے کہ چیف سیکریٹری یہ کیس پہلے ہی دیکھ چکے ہیں اور ڈپارٹمنٹ سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو مناسب فورم پر لیجا کر قانون اور پالیسی کے مطابق حل کرے۔ چیف سیکریٹری کی نشاندہی اور واضح ہدایات کے بعد، وزیراعلیٰ آفس کو یہ سمری دوبارہ بھیجنا انتظامی محکمے کیلئے قابل قبول عمل نہیں اور غیر ضروری طور پر وزیراعلیٰ آفس کو سمریاں بھیجنے سے گریز کیا جائے۔ 5؍ مارچ 2019ء کو سیکریٹری ایکسائز نے وزیراعلیٰ آفس کو ایک اور سمری بھیجی۔ اس میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا تھا کہ ڈی جی ایکسائز نے 2018-19ء کیلئے میسرز گر بچن سنگھ اور سید جمیل عباس نقوی ڈائریکٹر یونیکورن پریسٹیج ہوٹل کو شراب کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس کو پہلے ہی بھیجی جانے والی سمری میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ بالا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کی معلومات کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔ اس مرتبہ بھی پرنسپل سیکریٹری نے سمری یہ کہتے ہوئے واپس بھیج دی کہ یہ سمری انتظامی ڈپارٹمنٹ نے پہلے بھیھ وزیراعلیٰ کے پاس بھیجی تھی۔ افسوس کی بات ہے کہ چیف سیکریٹری کو واضح ہدایات دینے کے باوجود محکمے کی جانب سے نوٹ لگا کر یہ سمری دوبارہ بھیج دی ہے۔ یہ نوٹ نہ صرف قابل قبول نہیں ہے بلکہ قواعد کے تحت اس کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ انتظامی محکمے کو چاہئے کہ وہ بالائی دفاتر کو غیر ضروری طور پر سمریاں بھیجنے سے گریز کریں۔ فائل پڑھ لی گئی ہے اور نوٹ واپس بھیجا جا رہا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں