بیجنگ (پی این آئی) پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے مابین ہونے والی ملاقات میں کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی صوبے ہینان میں اپنے ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر
تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے کورونا کو سیاسی رنگ دینے یا القابات دینے کی مخالفت کی اور طے پایا کہ ہر موسم کے ساتھی چین اور پاکستان کورونا ویکسین کی تیاری کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔دونوں رہنماوں نے عالمی صحت پر ڈبلیو ایچ او کے کردار کی حمایت کی اور ایک دوسرے کے قومی مفادات کو تحفظ دینے پر اتفاق کیا۔چین نے پاک چین “آہنی بھائی” کے عزم کو دہرایا اور چین نے پاکستان کے خطے میں مضبوط شراکت ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ چین نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور باہمی معاہدوں کے مطابق پر امن طور پر حل ہونا چاہیے۔دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ افغان مسئلے کے حل کیلئے تعاون کو بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے بین الافغان مذاکرات کیلئے افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ تفصیلی مذاکرات کے ذریعے مستقبل کی سیاسی صورتحال کا تعین کیا جانا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں