لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کردیے، کابینہ کمیٹی انسداد کورونا نے کہا کہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں صبح 8 بجے سے رات 10بجے تک جاری رکھی جاسکیں گی،نئے اوقات کار کا کلینک ، فارمیسی، کریانہ، گروسری اور جنرل اسٹور ز پر اطلاق نہیں
ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی موجودہ صورتحال اورکاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار سے متعلق نئے قواعدوضوابط پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے نئے اوقات کار مقر رکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں کاروباری سرگرمیاں صبح 8 بجے سے رات 10بجے تک کھولی جاسکیں گی۔کلینک ، فارمیسی، کریانہ، گروسری اور جنرل اسٹور ز پر اطلاق نہیں ہوگا۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کم ہورہے ہی، لیکن احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔کابینہ کمیٹی نے دیگر پابندیاں نرم کرنے کیلئے سفارشات این سی اوی سی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک روز میں 23 ہزار 670 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جس کے ساتھ اب تک مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 23 لاکھ 63 ہزار 752 ہوچکی ہے۔ ٹیسٹوں کی تعداد سے کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے۔ جبکہ زیرعلاج مریضوں میں صحتیابی کا تناسب بھی بڑھ گیا ہے۔جس کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 11ہزار 945 رہ گئی ہے۔ ای سی اوسی کے تازہ اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں 513 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 958 ہوچکی ہے۔ اسی طرح گزشتہ ایک روز میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں، جس سے کل اموات کی تعداد 6209 پہنچ گئی جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 72 ہزار 804 ہو گئی۔صوبوں میں کیسز کی تعداد کو دیکھا جائے تو سندھ میں سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 60، پنجاب میں 95 ہزار 800، خیبرپختونخواہ میں متاثر مریضوں کی تعداد 35468، بلوچستان میں تعداد 12403، اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 15425، آزاد جموں و کشمیر 2219، گلگت میں 2583 ہوگئی ہے۔ اسی طرح ملک کےہسپتالوں میں 133 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں۔جبکہ 1 ہزار 216مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ23 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، اس مہلک وائرس کے باعث اب تک سات لاکھ84 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد56 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5655974 تک پہنچ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں