لندن(پی این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ عمران خان سے تعلق میں دراڑ پڑ گئی لیکن ہمارا تعلق جس نوعیت کا ہے ،یقین ہے یہ دراڑیں ایک دن ختم ہو جائیں گی ۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن میں میرا علاج چل رہا ہے ،کچھ
ٹیسٹ ہو گئے ہیں ،چیک اپ جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان کا بیان سنا تو اس سے بہت حوصلہ ملا ،لوگ جو تاثر دے رہے تھے کہ عمران خان میری رفاقت بھول گئے ،اس بیان سے ثابت ہو گیا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے لیے میں نے جو جدو جہد کی اسے صرف میں اور عمران خان جانتے ہیں ،اس لیے تعلقات میں دراڑ پر عمران خان کو بھی دکھ ہے ،یہ افسوسناک بات ہے کہ ہم یہاں تک پہنچے ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ سارا معاملہ شوگر کمیشن کی رپورٹ کی وجہ سے ہوا لیکن وہ رپورٹ درست نہیں ،میرے پر جو الزامات لگائے گئے وہ عجیب ہیں اور چینی کی قیمت بڑھنے سے ان الزامات کا کوئی تعلق نہیں ۔ان کا کہنا تھاکہ جب چینی کی قیمت 50روپے فی کلو تھی تب بھی انڈسٹری میں گڑ بڑ تھی اور آج بھی ہے ،ہر کاروبار میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں،اگر ادارے چینی کی انکوائری ایمانداری سے کریں گے تو میں سرخرو ہونگا اور عمران خان سے تعلقات اچھے ہو جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں کبھی بھی اپنی پارٹی اور عمران خان کے خلاف نہیں جا سکتا ،ہمارے تعلقات خراب ہونے سے کس کو فائدہ ہوا ،اس چیز سے میرا اور پارٹی کا نقصان ہوا ،اگر ایسا نہ ہوتا تو میں پارٹی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتا ۔واضح رہے کہ ایک انٹر ویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ سیاسی زندگی میں جہانگیر ترین میرے اچھے دوست تھے ،جہانگیر ترین کا کاروبار بہت اچھے طریقے سے مینج ہوتا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں