حج و عمرہ پر جانیوالے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

مکہ مکرمہ(پی این آئی) غار حرا سے مسلمانوں کی بہت زیادہ عقیدت ہے کیونکہ یہ وہ مقام ہے جہاں پر نبی کریم پر پہلی بار وحی نازل ہوئی تھی، لوگ بڑی عقیدت کے ساتھ کئی گھنٹے پہاڑی پر چڑھ کر اس پہاڑ تک پہنچتے ہیں۔ جبل النورپر’ کیبل کار‘ نصب کرنے کے منصوبے پر غور کیاجارہا ہے اس ضمن میں شہری

منصوبہ بندی سے متعلق متعدد سرکاری اداروں کی جانب سے ترقیاتی پروگرام پر مشتمل رپورٹ متعلقہ وزارت کو پیش کی گئی ہے۔مقدس دار الحکومت میں مختلف اسلامی تاریخی اہمیت کے حامل مقامات پر ترقیاتی امورسے متعلق کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ ’جبل النور‘ اور ’جبل الثور‘ پرآنے والے زائرین کی سہولت کے لیے ترقیاتی کام کیے جائیں۔سفارشات کی روشنی میں مختلف حکومتی اداروں کی جانب سے تیار کی جانے والی جامع رپورٹ کی روشنی میں ’غارحرا‘ کی پہاڑی پر کیبل کار نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ آنے والے زائرین کو غارحراجانے میں سہولت ہو۔اخبارکو موصولہ اطلاعات کے مطابق ’جبل النور‘ پر نصب کی جانے والی کیبل کار انتہائی جدید نوعیت کی ہوگی جس کے ذریعے زائرین ’غارحرا‘ تک پہنچ سکیں گے۔منصوبے کے مطابق ’النور پہاڑ ‘ پر کیبل کار غار حرا سے کچھ پہلے بنے پلیٹ فارم تک زائرین کو لائے گی جس کے بعد کی مسافت پیدل طے کی جائے گی۔واضح رہے ’جبل النور‘ وہ پہاڑی ہے جس کی چوٹی پر’غارحرا‘ واقع ہے جہاں سے نورنبوت کا آغاز ہوا اور نبی اکرم پر پہلی وحی نازل ہوئی۔جبل النور مسجد الحرم کے شمال مشرقی سمت واقع ہے۔ اس کی بلندی 642 میٹر ہے۔ غار حرا پہاڑی کی چوٹی پر واقع ہے جہاں سے مکہ مکرمہ شہر کا خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہے۔ النور پہاڑی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں اپنی نوعیت کی واحد پہاڑی ہے جو اپنی منفرد ساخت کی وجہ سے دور سے ہی پہچانی جاتی ہے۔کچھ عرصہ قبل بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر غار حرا کی صفائی اور تزئین کا کام مکمل کیا گیا۔ وہاں آنے والے زائرین کی جانب سے پتھروں پر تحریر کی گئی عبارتوں کو بھی صاف کرتے ہوئے غار کی اصل صورت کو بحال کیا گیاتھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں