کراچی (پی این آئی) رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں طلب، اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے، موسم ابر آلود نہ ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، یوم عاشور ممکنہ طور پر 30 اگست بروز اتوار کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال
کمیٹی کا اجلاس کل 20 اگست بروز جمعرات کو کراچی میںطلب کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کی جانب سے اجلاس کی صدارت کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران ملک بھر کی زونل کمیٹیاں بھی بذریعہ آن لائن رابطے میں ہوں گی۔ مفتی منیب الرحمان چاند کی رویت کا اعلان کریں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ محرم الحرام 1442ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بعد از نماز عصر محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا۔جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں ہوں گے۔ علماء کی تکنیکی مدد کیلئے محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ چاند نظر آنے کی صورت میں یکم محرم 21 اگست بروز جمعہ اور یوم عاشور 30 اگست کو ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ کل موسم ابر آلود نہ ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی ہے کہ کل محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے اچھے امکانات ہیں۔تاہم کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود بھی ہوگا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے جاری کردہ ہجری کلینڈر کے مطابق 21 اگست بروز جمعہ کو یکم محرم الحرام، جبکہ 30 اگست بروز اتوار کو یوم عاشور ہوگا۔ تاہم تاریخوں کا حتمی اعلان کل مفتی منیب الرحمان کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں