کون پاس اور کون فیل؟ پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج جاری کرنے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج جاری کرنے سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے نتائج فارمولے کا معاملہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو بھیج دیا،پنجاب کابینہ کی منظوری کے ایک ہفتے بعد امتحانی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان

بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نتائج فارمولے کا معاملہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ نتائج کس فارمولے کے تحت ہوں گے، سارا معاملہ کابینہ کمیٹی کے سپرد کردیا ہے۔ کابینہ کی سب کمیٹی کی منظور ی کے بعد پنجاب کابینہ حتمی منظوری دے گی۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے ایک ہفتے بعد امتحانی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ یاد رہے ہر میٹرک کے نتائج کا اعلان جولائی تک ہوجاتا ہے، جبکہ ہر سال انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان اگست یا ستمبر میں ہوتا ہے۔لیکن رواں سال تاحال نتائج کا اعلان نہیں ہوسکا۔ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان نہ ہونے سے طلباء اور والدین پریشان ہیں۔ لاکھوں طالب علم میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے نتائج کے منتظر ہیں۔ طلباء نے مطالبہ کیا کہ جامعات میں داخلے کیلئے امتحانی نتائج جلد جاری کیے جائیں۔ دوسری جانب نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر او اور اے لیول طلبہ و طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کے دور ان او، اے لیول طلبہ کی جانب سے نتائج کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے گئے ،گزشتہ سال اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو کم گریڈ دیا گیا ، گریڈ میں کمی کے بعد ہمارا مستقبل خطرے میں ہے ۔ طلبہ و طالبات کے مطابق کیمرج کو نتائج پر نظر ثانی کرنی چاہیے، کم گریڈ دیا گیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں، طلبہ و طالبات نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے امتحانات منعقد نہیں کیے گئے، طلباء کی گزشتہ سال کی کارکردگی اور متعلقہ سکول سے مشاورت کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا، نتائج ہماری توقع کے برعکس آئے ہیں۔ متاثرہ طلبہ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے،کیمرج کا برطانیہ، اور پاکستان کے طلباء کے لیے دوہرا معیار کیوں ہے ۔

close