پارٹی کی قیادت اپنے ہاتھ میں لینے کی تیاریاں، مریم نواز نے سیاسی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سیاست میں متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، مریم نوازاحتجاجی جلسے جلوس اور ریلیوں کی قیادت کریں گی، مریم نواز کو عدالت یا نیب نے بلایا تو پیشی پر خود جائیں گی۔لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء نے پارٹی کی سینئر لیڈرشپ

کی ہدایت پر سیاست میں متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پارٹی قیادت کے نزدیک مریم نواز کو سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔تاکہ حکومت کی ناہلیوں کو اجاگراور عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی جاسکے۔اسی طرح مریم نوازتمام مقدمات کا بھی سامنا کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔مریم نوازکو اگر اب نیب یا عدالت نے طلب کیا تو وہ خود پیش ہوں گی۔ واضح رہے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی کے اتحادیوں سے رابطے بھی شروع کر دئیے ہیں۔گزشتہ روز مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں پروفیسر ساجد میر کے ساتھ حافظ عبدالکریم، علامہ ابتسام الہی ظہیر اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ پروفیسر ساجد میر نے نیب آفس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں پر پولیس کے مبینہ تشدد اور مریم نواز کی گاڑی پر مبینہ حملے کی مذمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ جاتی امرا آنے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ جمہوری جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مریم نواز سے ملاقات کا مقصد ان سے اظہارہمد ردی کرنا تھا۔ مریم نواز کی گاڑی دیکھی ہے فرنٹ سکرین پر نشانات پتھر کے نہیں ہیں ،مریم نواز کی گاڑی پر سنائپر کی دو گولیوں کے نشانات ہیں۔ مریم نواز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں ،جس نے بھی حملہ کیا اس کا قوم کو نقصان ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر نے حملے کی مقدمہ کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہ ہوا ،حملہ کرکے جان لینے کی کوشش کی گئی ،مریم نواز پر حملہ سیاسی تقسیم کیلئے کیاگیا،اسلحہ کا پتہ نہیں کس کاتھا لیکن حملہ سنائپر کا ہی ہے ،مریم نواز پر حکومت نے حملہ کروایاہے ،مریم نواز جب بولتی ہیں تو حکومت کو تکلیف ہوتی ہے ،حکومت اپنے راستے سے کانٹے ہٹانا چاہتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مریم نواز پر حملہ قابل مذمت ہے۔ اس گھناؤنے جرم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، غیر جانبدارانہ تحقیقات سے اصل کرداروں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری جدوجہد میں ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رہیں گے، پاکستان کو فسطائیت میں تبدیل کرنے کے خلاف جمہوری قافلے میں شامل ہیں اور عمران خان کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ مریم نوازکو تنہا نہ سمجھیں، کل بھی ان کے ساتھ تھے، آج بھی ان کے ساتھ ہیں اور کل بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے ان کے والد محمد نوز شریف کی صحت بارے بھی آگاہی حاصل کی ،نوازشریف کی ایک دل کی شریان نوے فیصد بند ہے ،کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے نوازشریف کی سرجری نہیں ہو رہی۔

close