ریاض (پی این آئی) سعودی حکام نے واپسی کے منتظر، چھٹی پر آئے پاکستانی اقامہ ہولڈرز کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی، سعودی ایوی ایشن گاگا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صرف وہ مسافر سعودی عرب واپس آئیں جن کے اقامے کی مدت ختم نہ ہوئی ہو، ایئر لائنز کو سعودی عرب پرواز سے قبل ہیلتھ ڈیکلیریشن
فارم پر کروانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ایوی ایشن گاگا کی جانب سے کئی ماہ سے سعودی عرب واپسی کے منتظر پاکستانی اقامہ ہولڈرز کیلئے ایک خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔جاری ایڈوائزری کے مطابق صرف ان اقامہ ہولڈرز کو سعودی عرب واپسی کی اجازت ہوگی جن کے اقامے کی مدت ختم نہ ہوئی ہو۔ اس کے علاوہ اقامہ ہولڈر مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم میں نئی شقیں شامل کی گئی ہیں، ایئر لائنز کو سعودی عرب پرواز سے قبل ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب واپس آنے والوں کو 7 روز کیلئے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ مسافروں اور ائیرلائن کیلئے جاری ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں مسافر کو 2 سال قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ جبکہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائن کیخلاف بھی کاروائی عمل میں لا کر ان پر جرمانے کیے جائیں گے۔ تاہم یہاں یہ واضح رہے کہ سعودی حکام نے تاحال بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی بحالی کا اعلان نہیں کیا۔کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے سعودی عرب نے مارچ کے ماہ میں ہنگامی طور پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں حالات میں کچھ بہتری آنے کے بعد اندرون ملک پروازوں کا آغاز کیا گیا۔ اس کے علاوہ خصوصی پروازوں کی بھی اجازت دی گئی۔ تاہم سعودی عرب نے اپنا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن تاحال بحال کرنے کا اعلان نہیں کیا۔ اسی وجہ سے پاکستان چھٹی پر آنے والے محنت کشوں کی بڑی تعداد کئی ماہ سے سعودی عرب واپس جانے سے قاصر ہے، اور اپنے روزگار کے حوالے سے بھی پریشان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں