کراچی(پی این آئی) حکام قومی ائیرلائن کا کہنا ہے کہ اندرونِ ملک فضائی سفرکیلئے کرونا ٹیسٹ لازمی نہیں، مختلف ممالک نے سفری ہدایت نامے جاری کیے ہوئے ہیں تاہم پی آئی اے نے تاحال بین الاقوامی آپریشن شروع نہیں کیا، فلائٹ آپریشن بحالی کے بعد دوسرے ممالک کی ڈیمانڈ کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ اندرونِ ملک پروازوں میں کرونا ٹیسٹ لازمی قرار نہیں دیا گیا۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق مختلف ممالک نے سفری ہدایت نامے جاری کیے ہوئے ہیں تاہم پی آئی اے نے تاحال بین الاقوامی آپریشن شروع نہیں کیا۔ترجمان نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن بحالی کے بعددوسرے ممالک کی ڈیمانڈ کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کرونا ٹیسٹ کی پابندی مختلف ممالک کی جانب سے عائد کی گئی ہے اورلیبارٹریوں کی حتمی منظوری اِن ممالک کے سفارتخانے دے رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پہلے ایک لیبارٹری کی منظوری دی اوربعد میں چار کردی گئیں،مسافروں کوان ہی ہدایت ناموں پرعمل پیرا ہونا ہے۔ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ کرونا کے بعد سفر کے تقاضے بدل چکے ہیں اوربین الاقوامی سطح پر بہت سی احتیاط سامنے آئی ہیں،ویکسین آنے کے بعد ہی شاید یہ احتیاط کم ہوں۔انہوں نے کہاکہ افریقی ممالک میں سفر کیلئے زرد بخار کی ویکسینیشن کروانا پڑتی ہے اورپاکستان سے جائیں توآپ کو پولیو کا سرٹیفکیٹ لے جانا پڑتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں