اسلام آباد (پی این آئی)،احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف علی زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے پارک لین ریفرنس میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔، سابق صدر نے فرد جرم کی صحت سے انکار کر دیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی، آصف زرداری بلاول ہاؤس
کراچی سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دیگر ملزمان کی بھی وڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی گئی۔آصف زرداری نے سماعت کے آغاز پر کہا کہ میرے وکیل آج سپریم کورٹ میں مصروف ہیںمجھ پر آج فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی،جس پر جج احتساب عدالت نے نےآصف زرداری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے وکیل کو پہلے سے آج کی تاریخ معلوم تھی، فرد جرم آپ پر عائد ہونی ہے۔جج احتساب عدالت نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک اپنے معاون وکیل کو بھی بھجوا سکتے تھے، دو سادہ سے سوالات ہیں انگلش میں، آپ وہ سن کر جواب دے دیں، اس پر آصف زرداری نے کہا کہ آپ اپنے آرڈر میں یہ ضرور لکھیں کہ وکیل کی غیر موجودگی میں مجھ پرفردجرم عائد کی جا رہی ہے، جج احتساب عدالت نے کہا کہ چارج ہمیشہ ملزم پر فریم ہوتا ہے، اگر ان کا وکیل نا آئے تو ہم مجبورنہیں کرسکتے۔اس کے بعد احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے الزامات کی فرد جرم پڑھ کر سنائی جس میں کہا گیا کہ آپ نے بطور صدر پاکستان اثر انداز ہو کر قرض کی رقوم فرنٹ کمپنیوں کو جاری کروائیں، آپ نے بدنیتی سے اپنی فرنٹ کمپنی پارتھینون کو ڈیڑھ ارب روپے کا قرضہ دلوایا، آپ پارک لین کمپنی کے ڈائریکٹر تھے اور جعل سازی کا منصوبہ بنایا۔آصف زرداری پر عائد فرد جرم میں مزید کہا گیا کہ آپ نے فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم اپنے مقاصد کیلئے استعمال کی، یہ رقم جعلی بینک اکاؤنٹس میں بھجوائی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کراچی میں پراسیکیوٹر کو آصف زرداری کے دستخط اور انگوٹھوں کے نشانات لے کر بھجوانے کی ہدایت کی، تاہم سابق صدر نے فرد جرم کی صحت سے انکار کردیا اور کہا کہ مجھے بھی 30 سال ہوگئے ہیں ایسے کیسز لڑتے لڑتے اس پر جج نے ریمارکس میں کہاکہ پھر تو آپ کو فرد جرم عائد کرنے پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔سابق صدر پر فرد جرم عائد کرنے سے قبل پارک لین ریفرنس میں شریک ملزم اقبال خان نوری نے جج احتساب عدالت سے ریفرنس سے بریت اور اپنے موکل سے ملاقات کرانے کی درخواست کی جبکہ شریک ملزم طٰحہ رضا کے وکیل نے بھی اپنے موکل سے ملاقات کی درخواست دائر کی۔وکیل طحہ رضا نے عدالت میں کہا کہ میرے موکل کا اس ریفرنس میں کوئی کردار نہیں، فرد جرم سے پہلے ملاقات کی اجازت دی جائے، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ چارج فریم ہوگا تو پتہ چل جائے گا۔وکیل طٰحہ رضا نے پراسیکیوٹر جنرل نیبپر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ سے بات نا کریں بلکہ کورٹ کو ایڈریس کریں۔اس پر احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کہا کہ ہم آج چارج فریم کردیتے ہیں اور ملزمان سے ملاقات کی اجازت بھی دے دیتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں