شدید بارشیں، پاکستان کا بڑا ڈیم پانی سے بھر گیا، آئندہ ڈیڑھ سال کیلئے پانی کا ذخیرہ جمع ہو گیا

کراچی (پی این آئی) شدید بارشوں کی وجہ سے حب ڈیم میں آئندہ ڈیڑھ سال تک کے لیے پانی ذخیرہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں میں حب ڈیم میں 20 ماہ کا پانی کا ذخیرہ ہو گیا ہے، اس سلسلے میں ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 328 فٹ تک بلند ہو گئی ہے، جب کہ ڈیم میں مزید

پانی کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ ہونے سے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی، حب ڈیم کا اسپل وے کھلنے میں 11 فٹ پانی کی کمی رہ گئی ہے، شام تک اسپل وے بھرنے کے بعد 10 کروڑ گیلن پانی حاصل کیا جا سکے گا۔ پانی کی فراہم سے متعلق واٹر بورڈ کا مؤقف ہے کہ ڈیم میں پانی کی آمد کے دوران مکمل فراہمی آب تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہے، ڈیم میں پانی کی آمد بند ہونے پر 100 ایم جی ڈی یومیہ فراہمی شروع ہو سکے گی۔دوسری جانب شہر قائد میں چوتھے روز بھی بارش کا امکان ہے تاہم آج موسلادھار نہیں بلکہ ہلکی بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں چوتھے روز بھی بارش کا امکان ظاہر کردیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرقائد میں آج دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا تاہم آج موسلا دھار بارش کا امکان بہت کم ہے لیکن ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 روز میں سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 175 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ سُرجانی میں 155، گلشنِ حدید میں 149، صدر میں 145، مسرور بیس پر 143 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر132، یورنیورسٹی روڈ پر 110 ، لانڈھی میں 109، نارتھ کراچی میں 91، کیماڑی میں 89 اور سعدی ٹاؤن میں 69 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں