پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخوا میں نصاب میں حضور ﷺ کی سوانح حیات شامل کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سرکاری سکولوں کے تدریسی نصاب میں حضور نبی کریم ﷺ کی سوانح حیات کے حوالے سے جامع مضامین شامل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ
طلباء و طالبات محسن انسانیت کی سیرت طیبہ سے صحیح معنوں میں شناسا ہو سکیں ۔انہوں نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سکولوں کی سولرائزیشن اور صو بے میں سکولوں کی اپگریڈیشن کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے جبکہ غیر فعال سکولوں کو فعال بنانے اور سکولوں کی اپگریڈیشن وغیرہ کے لئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حتمی مقصد صوبے میں بچوں کی معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے سرکاری سکولوں میں ضرورت کی بنیاد پر ڈبل شفٹ شروع کرنے کے حوالے سے درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے اور اس مقصد کے لئے سمری کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ محکمہ تعلیم کے آئندہ اجلاس میں تمام مسائل پر واضح پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے سرکاری سکولوں میں طلباء و طالبات کے سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ سکول چھوڑنے کی شرح کو مزید کم کرنے کے لئے آئندہ کے لئے واضح اہداف کا تعین کیا جائے اور ان کا حصول مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے اٹھارہ اور انیس گریڈ کے ملازمین کے تبادلوں اور تعیناتوں کو بھی ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کرنے کی اصولی منظوری دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں میں بھرتیوں کے عمل میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے ۔ محمود خان نے مزید ہدایت کی کہ صوبے کے سرکاری سکولوں میں دوسری شفٹ کے اجراء کے لئے تین مختلف کیٹیگریز بنائی جائیں اور ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ جہاں ضرورت زیادہ ہو وہاں پہلے مرحلے میں دوسری شفٹ کا آغاز کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں