اسلا م آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے 25 فروری سے 5 اگست تک کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اور اقدامات کی تفصیلات جاری کردیں. دستا ویز کے مطابق کورونا سے متاثرہ 76 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے کم رہی جب کہ 21 سے 30 سال کی عمر تک خواتین کورونا سے زیادہ متاثر ہوئیں، جن کی تعداد
20 ہزار 449 رہی۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 31 سے 40 سال کی عمر کے 48 ہزار 118 مرد کورونا سے متاثر ہوئے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے طبی عملے کے 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 53 ڈاکٹرز، 20 پیرامیڈیکل اسٹاف، 2 نرسز اور ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ شامل ہیں۔دستاویز میں بتایا گیا کہ کورونا کے خلاف اقدامات کے لیے وفاقی حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کو 25ارب 30کروڑ روپیدیے جبکہ وفاقی حکومت نے 25 ارب روپے قومی وصوبائی صحت کے سیکٹرز کو بھی دیے، اس کے علاوہ کابینہ نے 10 لاکھ روپے شہید پیکج کے لیے منظور کیے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں کے لیے 3 فیصد مارک اپ کے ساتھ آسان شرائط کے قرض کی سہولت دی گئی، میڈیا کے ذریعے کورونا کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی گئی اور عوامی آگاہی کے لیے 10 پیغامات 8 کروڑ 50 لاکھ افراد تک پہنچائے گئے جب کہ سوشل میڈیا پر عوامی آگاہی کے لیے 80 پوسٹیں کی گئیں جن کو 4 کروڑ صارفین نے دیکھا۔دستاویز کے مطابق 1166 ہیلپ لائن پر 50 لاکھ فون کالز کی گئیں، اِس وقت ہیلپ لائن پر 30 ہزار روزانہ کی بنیاد پر فون کالز آرہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں