پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور فضائی سفر کو مکمل طور پرکھولنے کا اعلان ، وفاقی حکومت نے پلان بنا لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ایئرلائنز آپریشن مکمل بحال کردیا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ٹرین اور فضائی سفر کو مکمل طور پرکھول دیا گیا ہے، 30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار

رہیں گے۔جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے، لاک ڈاؤن پھرسمارٹ لاک ڈاؤن کا سسٹم آیا، ہم نے ایک مربوط حکمت عملی بنائی، انٹرنیشنل جریدوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، پاکستان نے زبردست کام کیا ہے۔ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو بند کیا ہو اتھا، آج این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کی سفارشات پر قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر کو ایک تاریخ دی گئی ہے، آخری نظرثانی 7 ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں پھر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، جبکہ سیاحتی مقامات کے ریسٹورانٹس اور ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیا جائے، جبکہ ملک بھر میں تمام ریسٹورانٹس کوان اور آؤٹ ڈور سروس 10 اگست کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی،اسی طرح 10اگست سے سینماء ہالزاور تھیٹرز کو بھی کھول دیا جائے گا۔کبڈی، رگبی، کشتی کے علاوہ اور شائقین کے بغیر باقی اسپورٹس کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح بیوٹی پارلرز، جم کلب، پارکس، کھولنے کی 10اگست سے اجازت دے رہے ہیں۔ ان سب سیکٹرز کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔ تمام کاروبار جن میں مارکیٹس، دکانوں، بازاروں پر اوقات کار کی پابندی فوری ختم کی جارہی ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔شادی ہالز بھی 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ روڈ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی 10اگست سے کھولا جارہا ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینیں اور ایئرلائنز کا آپریشن مکمل بحال کردیا ہے۔ کورونا کی وجہ سے ٹرینوں اور جہازوں پر تمام ایئرپورٹس اور اسٹیشنز پرجانے کی پابندی تھی ، مخصوص اسٹیشنز اور ایئرپورٹس پر آپریشن کی اجازت دء گئی تھی، لیکن اب یہ قدغن ختم کی جارہی ہے، اب کسی بھی ایئرپورٹس اور اسٹیشنز پر یہ جاسکتے ہیں۔اسی طرح ان سیکٹرز کے ایس اوپیز میں سواریوں کی تعداد بھی شامل تھی۔ 30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے۔ جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔ مزارات کو بھی کھولا جارہا ہے، عرس کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ محرم الحرام میں بھی ایس اوپیز کا مکمل خیال کیا جائے گا، اس حوالے سے علماء کرام کی مشاورت سے مل کر ایس اوپیز بنائیں گے۔ 14اگست کی مناسبت سے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ابھی کورونا ختم نہیں ہوا، ہمیں پہلے کی طرح کی ایس اوپیز کا خیال رکھنے اور ماسک پہن کر باہر جانے کی عادت ڈالنا ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close