لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کی بندش ختم کرنے کی خبروں کی تردید کر دی، پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفیکیشن جعلی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں
مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کی بندش ختم کر دیے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں۔تاحال مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دینے کا سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ مارکیٹیں اور شاپنگ مالز سرکاری اعلامیہ جاری ہونے تک بند ہی رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفیکیشن گردش کر رہا ہے جس کے مطابق پنجاب میں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو 24 گھنٹے کھلنے کی اجازت دے دی گئی ہے، یہ نوٹیفیکیشن جعلی ہے۔پنجاب حکومت نے تاحال مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کی بندش ختم کرنے اور نئے اوقات جاری جاری کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے تمام کاروبار، مارکیٹس، بازار کھولنے کیلئے اوقات کار کی پابندی ختم کردی ہے، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی، تمام ریسٹورانٹس کی ان اور آؤٹ ڈورسروس، سینماء ہالزاور تھیٹرز، بیوٹی پارلرز، جم کلب، پارکس،سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے، لاک ڈاؤن پھرسمارٹ لاک ڈاؤن کا سسٹم آیا، ہم نے ایک مربوط حکمت عملی بنائی، انٹرنیشنل جریدوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، پاکستان نے زبردست کام کیا ہے۔ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو بند کیا ہو اتھا، آج این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کی سفارشات پر قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر کو ایک تاریخ دی گئی ہے، آخری نظرثانی7ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں پھر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، جبکہ سیاحتی مقامات کے ریسٹورانٹس اور ہوٹلز کو 8اگست کو کھول دیا جائے، جبکہ ملک بھر میں تمام ریسٹورانٹس کوان اورآؤٹ ڈورسروس 10اگست کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی،اسی طرح 10اگست سے سینماء ہالزاور
تھیٹرز کو بھی کھول دیا جائے گا۔کبڈی، رگبی، کشتی کے علاوہ اور شائقین کے بغیر باقی اسپورٹس کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح بیوٹی پارلرز،جم کلب، پارکس، کھولنے کی 10اگست سے اجازت دے رہے ہیں۔ ان سب سیکٹرز کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔شادی ہالز بھی 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے۔جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔مزارات کو بھی کھولا جارہا ہے، عرس کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ تمام کاروبار جن میں مارکیٹس، دکانوں، بازاروں پرفوری پابندی ختم کی جارہی ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں