لاہور (پی این آئی)لاہور میں بارشی پانی جمع کرنے کا منصوبہ، 24 کروڑ روپے لاگت آئے گی، پلانٹ کا سافٹ ویئر بھی بنے گا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے لارنس روڈ کے بعد شہر کے دو اور مقامات پر رین واٹر ہارویسٹنگ (بارشی پانی جمع کرنے)کے منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منصوبے بسم اللہ پارک تاج پورہ اور بیرون شیرانوالہ گیٹ سرکلر روڈ پر تعمیر کئے جائیں گے جن پر مجموعی طور پر 24کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔ تاج پورہ میں بنائے جانے والے منصوبے کی استعداد12لاکھ گیلن جبکہ شیرانوالہ گیٹ کے باہر 15لاکھ گیلن استعداد کا منصوبہ بنایاجائے گا۔ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت شہر میں مزید آٹھ مقامات پر ایسے منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔ ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا پانچواں اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکاءکو گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میںفضائی آلودگی میں کمی اور ماحول کی بہتری کے لئے ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں24مقامات پر درختوں کے گھنے ذخیرے لگانے کی منظوری دی گئی ۔ ایل ڈی اے کے نئے بجٹ میں شجرکاری کے لئے15کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں واقع پلاٹوں کے رقبے اور محل وقوع سمیت دیگر جغرافیائی معلومات،ریکارڈ میں موجود ملکیت کے کوائف اور ان پر عمارتیں بنانے کے دوران تعمیراتی قواعد پر عمل درآمد کی صورتحال کے بارے میں معلومات کو منظم طور پر یکجا کر کے سوفٹ ویئر تیار کرنے کے منصوبے پر کام کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔فردوس مارکیٹ انڈرپاس کی تعمیر کے لئے ایکوائر کی جانے والی اراضی کے معاوضے میں اضافے کے باعث منصوبے کے پی سی ون پر نظر ثانی کی بھی منظوری دی گئی تاہم اس سے منصوبے کی مجموعی لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں شہریوںکی طرف سے ایل ڈی اے کو کسی معاملے میں طے شدہ فیس سے زائد واجبات کی ادائیگی کی صورت میں باقی رقم واپس کرنے کی منظوری دی گئی اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو اس سلسلے میں باقاعدہ ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ اسی طرح کسی شہری کی طرف سے زیادہ جمع کروائی گئی رقم اس کے کسی اور کام میں ایڈجسٹ کرنے کے لئے بھی الگ ایس او پیز تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہورسے سعدیہ سہیل رانا،ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود ‘ میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی ،منیجنگ ڈائریکٹرواسا سید زاہد عزیز اورمحکمہ پی اینڈ ڈی، ہاو ¿سنگ، بلدیات ‘ فنانس اور کمشنر لاہور کے نمائندوں نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں