اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں کورونا کے 90 فیصد مریض صحتیاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے مقابلے میں اب صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4 ہزار 889 مریض صحتیاب
ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 675 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 15 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 13 افراد ہسپتالوں میں اور 2 افراد گھروں میں قرنطینہ کے دوران اپنی جان کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 915 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے سندھ میں 3 ہزار 922، پنجاب میں 5 ہزار 602، خیبرپختونخوا میں 513، اسلام آباد میں ایک ہزار 362، بلوچستان میں 235، گلگت بلتستان میں 77، آزاد کشمیر میں 204 ٹیسٹ شامل ہیں۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 ہو چکی ہے۔آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی بھی کووڈ۔ 19 کا کوئی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے مریضوںکے لئے مختص ایک ہزار859 وینٹیلیٹرز پر 165 مریض ہیں، اس وقت ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 20 ہزار 836 ہے۔ ابھی تک ملک بھر میں کووڈ۔19کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 2 ہزار 105، بلوچستان میں 11 ہزار 780، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 218، اسلام آباد میں 15 ہزار 122، خیبرپختونخوا میں 34 ہزار 324، پنجاب میں 93 ہزار 571 اور سندھ میں ایک لاکھ 22 ہزار 16 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 14 ہے جن میں سے سندھ میں 2 ہزار 231 جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہسپتال میں جاں بحق ہوئے جبکہ ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں