کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان میں 22 جولائی سے کورونا وائرس کے باعث کوئی موت رپورٹ نہ ہوئی، کئی دن سے 26 اضلاع میں کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، زیر علاج مریضوں کی تعداد 1399 رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ توقع کی جا
رہی ہے کہ بلوچستان کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دینے والا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں 22 جولائی کے بعد سے ایک بھی کورونا مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔ جبکہ کئی روز سے صوبے کے 26 اضلاع سے کوئی نیا کورونا کیس رپورٹ نہ ہوا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 13کیس رپورٹ ہونے کے بعد اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 11793ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو صوبے کے دو اضلاع سے کورونا وائرس کے مزید 13کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 31افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 10258ہوگئی ہے۔صوبے میں اس وقت کورونا وائرس کے صرف 1399ایکٹو مریض موجود ہیں ۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 915 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے سندھ میں 3 ہزار 922، پنجاب میں 5 ہزار 602، خیبرپختونخوا میں 513، اسلام آباد میں ایک ہزار 362، بلوچستان میں 235، گلگت بلتستان میں 77، آزاد کشمیر میں 204 ٹیسٹ شامل ہیں۔اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 ہو چکی ہے۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی بھی کورونا وائرس کا کوئی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص ایک ہزار859 وینٹیلیٹرز پر 165 مریض ہیں، اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 20 ہزار 836 ہے۔ابھی تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 2 ہزار 105، بلوچستان میں 11 ہزار 780، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 218، اسلام آباد میں 15 ہزار 122، خیبرپختونخوا میں 34 ہزار 324، پنجاب میں 93 ہزار 571 اور سندھ میں ایک لاکھ 22 ہزار 16 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 14 ہے جن میں سے سندھ میں 2 ہزار 231 جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہسپتال میں جاں بحق ہوئے جبکہ ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔پنجاب میں 2 ہزار 157 جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہسپتالوں میں جان کی بازی ہار گئے۔ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 213 جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہسپتالوں میں اس بیماری کے خلاف زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوا۔اسلام آباد میں کل 167، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 55 اموات ہوئی، آزاد کشمیر میں 55 اموات ہوئیں جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ اب تک ملک بھر میں 20 لاکھ 43 ہزار 870 کورونا کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے مختص 735 ہسپتالوں میں ایک ہزار 381 مریض زیر علاج ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں