طالبان کیساتھ یہ کام کریں، وزیراعظم عمران خان نے افغان حکومت کو اہم مشورہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ مستقل طور پر امن کی کوشش کرے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے

ہوئے امید ظاہر کی کہ ‘امن عمل کی موجودہ رفتار کو امریکا طالبان امن معاہدے کے نفاذ کے لیے بڑھانا ہوگا جس سے بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہونے کی راہ ہموار ہو سکے گی’۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ‘دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے نئے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم عمران خان نے امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن بڑی اہمیت کا حامل ہے’۔وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف ادارہ جاتی میکانزمز کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام (اے پی اے پی پی ایس) کے اگلے اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کے خواہاں ہیں’۔واضح رہے کہ یہ گفتگو اس لیے اہم تھی کیونکہ چمن / اسپن بولدک بارڈر کراسنگ پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سرحدی تصادم کے تین دن بعد ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close