لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج کا حکومت کے ساتھ کھڑے ہونا سب سے بڑا کام ہے، فوج ساتھ کھڑی نہ ہوتی تو بڑے مسائل ہوتے، ہم حکومت کر رہے ہیں جبکہ فوج سارے کام کررہی ہے، نئے لوگوں کی وجہ سے ہم ڈلیور نہیں کرپا رہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے
کہا کہ حقیقت ہے قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں، بہت تھوڑے ووٹ ہیں، لیکن فوج نے ایک ووٹ سے جمالی کو چلایا تھا، وہ ایک ووٹ بھی جمالی کو میں نے لے کر دی تھی۔ہمارے سامنے جو حالات اور واقعات ہیں، فوج اور سول حکومت کا ایک ساتھ چلنا ملک، جمہوریت اور بین الاقوامی حالات، چین امریکا، انڈیا چین اور جو مشرق وسطیٰ کے حالات بن رہے ہیں ، ایسے عالم میں فوج نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔فوج کو کریڈٹ ہے کہ کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بنایا ، جس سے کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پایا گیا، اگر فوج تعاون نہ کرتی تو حالات برے ہوتے، انڈیا میں روزانہ چھ سو سے زائد اموات ہو رہی ہیں۔فوج جان دے کر بھی قربانیاں دے رہی ہے، بلوچستان میں فوجی جوانوں پر حملے ہو رہے ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہ سارے کریڈٹ فوج کے ہیں، ٹڈی دل، کورونا، پی آئی اے، پی ٹی اے باقی اداروں کو دیکھ لیں، ہر جگہ تو فوج کام کررہی ہے، پھر حکومت کیا کررہی ہے؟ اس کے جوا ب میں شیخ رشید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فوج نے کام کرنا ہے، ہم نے حکومت کرنی ہے، میں ذای طور پر محسوس کرتا ہو ں کہ وہ بہت زیادہ کام کررہے ہیں، یہ بھی بڑا کام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ورنہ ہمارے لیے بڑے مسائل ہوتے۔ عمران خان بھی بڑا کام کررہا ہے، بہت سارے لوگ نئے ہیں، ہم ڈلیور نہیں کرپا رہے، اپوزیشن بھی اب حرکت میں آئے گی، اگست کا مہینہ کافی ایکٹو ہوگا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ موجودہ حالات میں بہتر طور پر کام کرسکتے ہیں، عثمان بزدار اس وقت تک وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے جب تک انہیں وزیراعظم کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کورونا کی آخری فلائیٹ میں پاکستان آئے جبکہ جہانگیر ترین کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان کا بیان خوش آئند ہے، 120 احتساب عدالتوں کے قیام سے احتسابی عمل میں تیزی آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں