راولپنڈی (پی این آئی ) 15 اگست کو ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، ملک بھر کی نمائندہ تنظیموں کے اعلامیے کے مطابق راولپنڈی کی نمائندہ تنظیموں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں جوائنٹ
ایکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن، نیپس، پیما ،PRECO, NAPSC اور پی ایس اے کے عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں طے پایا کہ 15 اگست کو سکول کھولنے کے حوالے سے سکول ٹو سکول مہم چلائی جائے گی، ضلع بھر کے سکولز کے باہر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے بینرز لگائے جائیں گے، اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مدد اور معاونت کے لئیے وکلاء فورم کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس کی صدارت کنوئنیر راجہ محمد الیاس کیانی نے کی اس موقع پر ڈپٹی کنوینئر انعام الدین قریشی ،سیکرٹری جمیل عباسی ،راجہ خالد ،ممبران سردار عبدالغفور، عبدالحمید خان، سید منور حسین شاہ ،ملک حفیظ الرحمان ،افتخار محمود چوہدری موجود تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ الیاس کیانی نے کہا کہ حکومت کرونا کی صورت حال انتہائی کنٹرول ہونے کے باوجود تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، بچوں کا ناقابلِ تلافی نقصان ہو رہا ہے، حکومت تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا فوری طور پر اعلان کرے انہوں نے کہا کہ ہمارا پیشہ پیغمبری ہے ہم بحیثیت استاد احتجاج کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن حکومت ہمیں مجبور کر رہی کہ ہم سٹرکوں پر آئیں حکومتی اقدامات کی مزاحمت کریں حکومت شعبہ تعلیم کو تباہی سے بچانے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کرے،اور فلفور سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں کھولنے کا اعلان کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں