اسلام آ باد (پی این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی۔ شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور یوم استحصال سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی۔کشمیرکی صورتحال پر وزارت
خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارآفریدی، علی محمد خان، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سینیٹر مشاہد حسین سید، خواجہ آصف،فرخ حبیب، سینیٹر راجہ ظفر الحق، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے مفصل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام کشمیری گذشتہ سال 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے غیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کیا، بھارت سرکارکی ہندتوا پالیسی نہ صرف کشمیریوں بلکہ پورے خطے کے امن و امان کے لیے خطرات کا باعث ہے، بھارت، مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کرکے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں، آر ایس ایس کی سوچ پر گامزن بی جے پی کی سرکار نے، اپنی ہندتوا سوچ کے سبب، نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت کے اندر بسنے والی اقلیتوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے، آج پوری دنیا کے سامنے بھارت سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے جب کہ آج دنیا بھارت کی منافرت پسند پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اورعسکری قیادت کشمیر کے معاملے پریکساں موقف کی حامل ہیں، پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں